فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر غیر قانونی ہائوسنگ کالونیوں کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا جسکے تحت جھنگ روڈ پر قائم2ہائوسنگ کالونیوں کے غیرقانونی سیوریج کنکشن منقطع کردیئے گئے ۔ ایم ڈی واسا نے تمام ہائوسنگ کالونیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کنکشنز کو ریگولر کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جھنگ روڈ پر واقع2پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں کو ریگولر کر نے کے لئے ڈیمانڈ نوٹس جاری کئے گئے جو بروقت جمع نہیں کروائے گئے جس پر ریونیو ڈائریکٹوریٹ اور او اینڈ ایم ڈائریکٹوریٹ نے ان دونوں پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کیں۔ سب انجینئر علی حسن اور دیگر سٹاف نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں کے غیرقانونی سیوریج کنکشن کاٹ دیئے جس کی رپورٹ منیجنگ ڈائریکٹرکو پیش کر دی گئی۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشن کرنے والی اور نادہندہ پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جا رہی ہیں ا ور اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



