واسا کا واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آباد اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے باہمی اشتراک سے 5ملین گیلن روزانہ کیپسٹی کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ مکمل ہو گیا۔ اس حوالے سے آج جھال خانوانہ میں پراجیکٹ کی ہینڈنگ اوور کے لئے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر مسٹر سوچی اکاماتسو تھے جبکہ مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی نمائندگی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا نے کی۔ تقریب کے دوران ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، پراجیکٹ ڈائریکٹر علی احمد، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عارف سریانی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جاپانی سفیر مسٹر سوچی اکاماتسو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے، جہاں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے موجودہ پانی کی فراہمی ناکافی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو مناسب پانی کی سہولت دستیاب نہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے جائیکا نے 2016سے 2019تک تکنیکی تعاون فراہم کیا اور 2038تک کے لیے واٹر، سیوریج اور ڈرینیج کے حوالے سے ماسٹر پلان تیار کیا۔ اس منصوبے کو اس ماسٹر پلان میں ترجیحی منصوبے کے طور پر شامل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 7ارب روپے سے زائد کی گرانٹ سے پرانے جھال خانوانہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو اپ گریڈ کیا گیا، پانی کے پائپ لائن اور ترسیلی نظام کو بھی بہتر بنایا گیا، جس سے پانی کی فراہمی تین گنا بڑھ گئی۔ اس سے نہ صرف پانی کی سہولیات بہتر ہوئیں بلکہ شہریوں کی صحت اور رہائش کے معیار میں بھی بہتری آئی ہے۔ یہ منصوبہ ایس ڈی جی کے ہدف 6”تمام افراد کے لیے صاف پانی اور صفائی” کے حصول میں بھی مدد دے گا۔ جاپانی سفیر نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ جاپان کی مدد سے لگائی گئی تمام سہولیات کو دیرپا اور مثر انداز میں استعمال کیا جائے گا اور اس منصوبے سے حاصل ہونے والی مہارت سے فیصل آباد کے عوام فائدہ اٹھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں