واسا کے زیرانتظام شہر میں15گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل تعمیر کئے جارہے ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آباد کے زیر انتظام شہربھر میں15گرائونڈ واٹر ریچار ج ویل تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں سے3 ریچارج ویل کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جن سے مدینہ ٹائون ہاکی اسٹیڈیم میں بنائے گئے گرائونڈ واٹر ری چارج ویل کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے نئے تعمیر کئے گئے گرائونڈ واٹر ری چارج ویل کا افتتاح کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر میں مجموعی طور پر 15مقامات پر گرائونڈ واٹر ری چارج ویل تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں سے ملک پور،خضریٰ مسجد کے قریب اور ہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹائون کے گرائونڈ واٹر ری چارج ویل مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر پر تعمیراتی کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے جو مون سون سیزن سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران ان گرائونڈ واٹر ری چارج ویل کے ذریعے20 لٹر فی سیکنڈ کے حساب سے بارشی پانی فلٹر کر کے زمین میں شامل کیا جائے گا جس سے زمینی پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے واضح کیا کہ تمام گرائونڈ واٹر ری چارج ویل کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کی جائے تاکہ مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز ڈیلیوری مہیا کی جائے گی جبکہ واسا فیصل آباد تمام مشینری فعال اور ایمرجنسی انتظامات مکمل رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں