واسا کے زیر انتظام ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کیا جارہا ہے،ایم ڈی سہیل قادر چیمہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے مختلف سائٹس کے دورے کئے اور وہاں پر تعمیراتی میٹریل کا معیار اور ٹائم فریم کے مطابق سکیموں کی تعمیراتی رفتار کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا سہیل قادرچیمہ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائر یکٹر انجینئرنگ ثاقب رضااور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز محمد مقبول سنپال کے ہمراہ میاں پنڈ، غفور بشیر روڈ،وائی بلاک مدینہ ٹائون،داد چوک، نیآموآنہ چوک اور رسالے والا ڈرین کی سائٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میاں پنڈ میں بچھائی جانے والی پائپ لائن کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ غفور بشیر روڈ پر ڈالی جانے والی پائپ لائن کو 25۔اکتوبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ایم ڈی واسا نے وائی بلاک مدینہ ٹائون کے دورہ کے دوران کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک کو جلد ڈیزائن دینے اور اس کے مطابق کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے داد چوک سے ملحقہ سکیم،نیآموآنہ چوک میں جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا اور کام کو تسلی بخش قرار دیا۔ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے رسالے والا ڈرین کی تعمیر کو دوبارہ بحال کرکے کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس ضمن میں انہوں نے واضع کیا کہ شہر بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے بعد شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم ہو سکیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں