فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب نے واسا فیصل آباد کے زیر انتظا م فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر تعمیراتی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیدیا۔ اس ضمن میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب رفاقت علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ فیز ٹو اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام جاری کردہ ٹائم لائن کے مطابق جاری ہے اور یہ اپنی مدت تکمیل تک ہر ہر صورت مکمل کر لئے جائیں گے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ڈینیڈا کے تعاون سے جاری ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام جاری ہے جسے مزید تیز کیا جارہا ہے اسی طرح فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ فیز ٹو پر تعمیراتی کام فل سپیڈ سے مکمل کیا جارہا ہے اور قوی امکان ہے کہ دونوں پراجیکٹ اپنے ٹائم فریم کے مطابق مکمل کر لئے جائیں گے ۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب رفاقت علی نے دونوں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا سمیت دیگر ٹیم اراکین کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ فارن فنڈڈ پراجیکٹس کے بروقت مکمل ہونے سے ہی ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں گے۔



