واسا کے سب انجینئر اور عملہ کی ہٹ دھرمی،پیپلز کالونی نمبر1میں واٹر سپلائی کا نظام تباہ،شہری پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا کے عملہ کی نااہلی اور غفلت کے باعث پیپلزکالونی نمبر1 میں فراہمی آب (واٹر سپلائی سسٹم) بدترین صورتحال اختیار کر گیا، صبح وشام پینے کے پانی کی سپلائی نہ ہونے سے اہل علاقہ شدید پریشان، پیپلزکالونی نمبر1 گورمے بیکری کے سامنے پانی والی ٹینکی میں تعینات سب انجینئر عتیق الرحمن صارفین کی شکایات کا ازالہ کرنا تو درکنار فون سننا بھی گوارا نہیں کرتا جبکہ اس کے سینئر افسران کو بھی اکثر فون اٹینڈ نہ کرنے کی شکایت رہتی ہے’ نااہل سب انجینئر کے خلاف کوئی افسر ایکشن لینے کو تیار نہیں، پتہ نہیں سب انجینئر کس کی آنکھوں کا تارا ہے۔ تفصیل کے مطابق پیپلزکالونی نمبر1 اور اس کے گردونواح میں سب انجینئر اور دیگر عملہ کی نااہلی کی وجہ سے واٹر سپلائی سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے اور اکثر اوقات پانی آتا ہی نہیں اور اگر آتا ہے تو انتہائی کم اور اس میں سیوریج ملے پانی کی شکایات عام ہیں۔ اہل علاقہ جب فراہمی آب کی شکایات درج کروانے گورمے بیکری کے سامنے واسا دفتر (پانی والی ٹینکی) جاتے ہیں تو پہلے ان کی شکایت درج کروانے کیلئے چکر لگوائے جاتے ہیں اور جب اہل علاقہ مسئلہ کے حل کیلئے وہاں پر تعینات سب انجینئر کو فون کرتے ہیں تو وہ فون سننا گوارا نہیں کرتا ہے اور اس کے سینئر افسران کو فون نہ سننے کی شکایات ہے۔ شہری حلقوں نے ایم ڈی واسا عامر عزیز سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے نااہل’ نکمے اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اپنی گرپ مضبوط کی جائے۔ ایسا نہ ہو کہ آپ کی نیک نامی عملہ کی وجہ سے بدنامی میں بدل جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں