واسا کے عملے کی نااہلی سے کوہ نور سٹی سنٹر کی بیسمنٹ میں سیوریج کا پانی داخل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا کے عملے کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے کوہ نور سٹی سنٹر پوائنٹ پلازہ کی بیسمنٹ اور گردونواح میں سیوریج کا گندہ پانی داخل ہو گیا’ پلازے کے انڈرگرائونڈ میں بھی گندا پانی داخل ہونے لگا جس کی وجہ سے کوئی بڑے حادثہ رونما ہونے کا خطرہ بڑھ گیا’کمشنر محترمہ مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر فوری کاروائی عمل میں لائیں اور کوہ نور سٹی سنٹر پوائنٹ پلازے کے دکانداروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں’ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کوہ نور سٹی سنٹرپوائنٹ پلازہ کے مرکزی آفس میں ہونے والے احتجاجی اجلاس کے شرکاء سے میاں تنویر ریاض صدر کوہ نور سٹی’ محمد عثمان انجم نائب صدر’ عثمان فرید وائس چیئرمین نے کیا’ اجلاس میں انجمن تاجران کوہ نور سٹی سنٹرپوائنٹ پلازہ کے عہدیداروں رانا عرفان’ محمد آصف’ محمد راحیل’ میاں ماجد’ احتشام اعوان’ محمد زاہد’ طلحہ’ محمد عثمان’ محمد جبران’ امیر عدنان کے علاوہ متاثرین نے شرکت کی’ مقررین نے کہا کہ صاف پانی بچھانے والے ٹھیکیدار نے لائنیں بچھانے کیلئے کھودائی کی تھی مگر لائنیں ڈالنے کے بعد کھڈے ویسے ہی چھوڑ کر غائب ہو چکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے بہائو میں خلل پڑ رہا ہے اور رش کی وجہ سے ٹریفک بلاک رہنے لگی ہے’مقررین نے کہا کہ اگرخدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ واسا کے افسران پر ہوگی جن کی غفلت کی وجہ سے سیوریج کا گندا پانی پلازے کی بنیادوں پر جا رہا ہے’ انہوں نے کہا کہ نعمت کالونی کی سیوریج لائن کوہ نور کی سیوریج لائن میں ڈالنے سے پریشر کی وجہ سے ہماری سیوریج لائن پھٹ گئی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری واسا کے عملے پر عائد ہوتی ہے’ ہماری ذمہ داران سے استدعا ہے کہ کسی بڑے حادثے کی رونما ہونے سے پہلے مناسب بندوبست کیا جائے تاکہ ہم سب کسی بڑے حادثے سے بچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں