واٹس ایپ پر مونیٹائزیشن کا آغاز

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ میں جلد ہی صارفین کو یوٹیوب اور فیس بک کی طرز پر کمائی کا موقع ملنے والا ہے۔امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی ملکیتی کمپنی میٹا، ایپ میں مونیٹائزیشن فیچر متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے،میٹا کی جانب سے واٹس ایپ کی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت اب ایپ کے سٹیٹس یا سٹوری سیکشن میں اشتہارات دکھائے جائیں گے،اسی سیکشن کے ذریعے چینلز کے لیے مونیٹائزیشن کا فیچر بھی متعارف کروایا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر واٹس ایپ بزنس اور ان چینلز کے لیے دستیاب ہوگا جو وسیع فالوور بیس رکھتے ہیں،بعد ازاں مرحلہ وار اسے دیگر صارفین تک بھی توسیع دی جائے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مونیٹائزیشن کی سہولت حاصل کرنے کے لیے مخصوص فالوورز کی کم از کم تعداد کو معیار بنایا جائے گا۔ اگرچہ ذاتی واٹس ایپ اکانٹس کو فی الوقت مونیٹائز نہیں کیا جائے گا تاہم وہ صارفین جو چینلز کو فالو کریں گے، انہیں اشتہارات نظر آئیں گے جس سے پلیٹ فارم کی آمدنی میں اضافہ ممکن ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق مونیٹائزیشن کا یہ نظام ابتدائی طور پر چند مخصوص ممالک میں متعارف کرایا جائے گا اور بعد ازاں اسے دیگر ممالک میں بھی وسعت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ دنیا بھر میں روزانہ تقریبا ڈیڑھ ارب فعال صارفین رکھتا ہے، اور اگر یہ فیچر نافذ ہوتا ہے تو یہ صارفین کے لیے آمدنی کا ایک نیا ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے، بالکل ویسا ہی جیسے یوٹیوب یا انسٹاگرام پر ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں