56

وزارت توانائی کا قابل ستائش اقدام (اداریہ)

وزیراعظم کی قیادت میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کیلئے بجلی کے خصوصی نرخ کا اعلان کر دیا گیا ہے پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کا خصوصی رعایتی نرخ موجودہ 71روپے فی یونٹ سے کم کر کے 39.70 روپے فی یونٹ کر دیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 44 فی صد کمی کر دی گئی ہے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے قیام اور بیٹریوں کے متبادل پوائنٹ سے متعلق ریگولیشن کا بھی نفاذ کر دیا گیا اب 15دنوں میں رجسٹریشن اور کاروبار کی اجازت ملے گی بجلی ٹیرف برائے چارجنگ میں کمی کی بدولت اب پٹرول اور دوسرے ایندھن کے مقابلے میں سفری اخراجات میں 3گنا تک بچت ممکن ہو سکے گی اور جس کی بدولت اب کرایوں میں خاطر خواہ کمی کا بھی امکان ہے اس کے ساتھ ہی ملک میں پٹرول اور دوسرے ایندھن پر انحصار کم ہونے کی وجہ سے بھاری زرمبادلہ کی بھی بچت ہو گی ایک اندازے کے مطابق اس وقت ملک میں موٹرسائیکلوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے اور ان کے سالانہ ایندھن کی مد میں 6ارب ڈالر خرچ ہوتے ہیں ان موٹرسائیکلز کی الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقلی اوسطاً 50ہزار روپے میں ممکن ہے اس طرح نہ صرف ان کو تین سے چار مہینوں میں سرمایہ پر بچت کی مد میں پورے پیسے واپس ہو جائیں گے بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی مد میں بھی اربوں ڈالر کی بچت ہو گی انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے الیکٹرک پر منتقل ہونے سے شہریوں کو کرایوں کی مد میں بھی بچت ہو سکے گی مضرصحت گیسز کے اخراج کو روکنے میں مدد ملے گی اخراجات کی کمی کا اثر اندرون شہر سامان کی ترسیل پر بھی پڑے گا پاور ڈویژن کے انقلابی اقدامات کی وجہ سے چارجنگ سٹیشنز اور بیٹری متبادل پوائنٹ کے گلی گلی قیام کی وجہ سے ایک مثبت کاروبار کا بھی موقع فراہم کیا جا رہا ہے پاور ڈویژن کے ذیلی ادارے نیکا نے ون ونڈو کا قیام کر دیا ہے اب صرف ویب سائٹ پر جا کر رجسٹریشن کی جا سکتی ہے رجسٹریشن فیس کو بھی صرف 50ہزار روپے رکھا گیا ہے ایک تخمینہ کے تحت سال 2030ء تک 30فیصد گاڑیوں کی شمولیت کا ہدف حاصل ہو سکے گا اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور آڈٹ بھی کیا جائے گا رعایتی بجلی نرخ اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز سے نئے منافع بخش کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے جس سے نہ صرف ملازمت کے نئے مواقع ملیں گے بلکہ پوری معیشت کو تقویت ملے گی وزیراعظم شہباز شریف نے پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے خصوصی 44فیصد کم ٹیرف کو ایک تاریخ ساز پیکج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آلودگی کم کرنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز جیسے اقدامات سودمند ہیں اسلام آباد میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 70.10 روپے سے کم کر کے 40روپے فی یونٹ کرنا خوش آئند ہے اس سے یقینا سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا اس کلچر کو تیزی سے فروغ دینا ہو گا وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ الیکٹرک وہیکلز کیلئے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائے،، وزارت توانائی نے واقعی وہ کام ممکن کر دکھایا ہے جو ناممکن نظر آ رہا تھا کیونکہ پورے ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے چارجنگ سٹیشنز کا قیام کوئی آسان کام نہیں تھا اتنے بڑے پیمانے پر چارجنگ سٹیشنز کی منظوری اور قیام انتظام وانصرام ریکارڈ اور آڈٹ کا نظام قائم رکھنا بھی خاصا مشکل نظر آ رہا تھا خاص طور پر ملک میں مہنگی بجلی کی صورت میں الیکٹرک وہیکلز کیلئے چارجنگ سٹیشنز پر بجلی مہنگے داموں فروخت کرنے سے بھی تحفظات تھے اب جبکہ وزارت توانائی کی جانب سے موجودہ بجلی ریٹ 71روپے فی یونٹ سے کم کر کے 40روپے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تو چارجنگ سٹیشنز کے قیام میں کاروباری افراد کی دلچسپی میں اضافہ ہو گا ساتھ ہی الیکٹرک وہیکلز مالکان کیلئے بھی یہ ریٹ قابل قبول ہو گا چارجنگ سٹیشنز کے قیام کیلئے حکومت نے صرف 15دن میں منظوری دینے کا اعلان کر کے اس کاروبار کے قیام پر مزید آسانی کر دی ہے جو باعث اطمینان ہے اندرون ملک سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا امکان ہے جبکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی کا یہ اقدام قابل ستائش ہے امید ہے اس منصوبے سے ملک میں مہنگے پٹرول سے لوگوں کی جان چھوٹے گی اور الیکٹرک وہیکلز کی وجہ سے سفری سہولیاتوں میں روپے پیسے کی بھی بچت ہو گی تجارتی مال کی نقل وحمل بھی الیکٹرک گاڑیوں کی وجہ سے کرایوں میں خاصی کمی ہو گی اور اس کا مہنگائی میں کمی پر بھی اثر ہو گا جبکہ رکشہ ٹیکسی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی شہریوں کو سستی پڑے گی ضرورت اس امر کی ہے کہ وزارت توانائی اس منصوبے کی کامیابی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں