وزیراعظم سے وزیر داخلہ کی ملاقات،داخلی وخارجی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیرِاعظم شہباز شریف سے وزیرِداخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی جس میں محسن نقوی نے چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو روم اور اٹلی میں ہونیوالے چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں بریفنگ دی جس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، سپین اور یونان کے وزرا داخلہ شریک ہوئے۔محسن نقوی نے پولینڈ میں ہونے والے چھ فریقی وزرا داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت بارے بھی بریف کیا جس میں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرا داخلہ شریک تھے۔وزیرِداخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانیوں کے لئے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجرا پر اتفاق کیا جبکہ رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں صرف ایک سال میں 47 فیصد کمی لانے اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات پر پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کردیں گے، پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت اور استعداد کار میں بہتری کے لئے یورپی یونین میں جلد از جلد پلان بھی پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی کاشوں کو سراہا، ملاقات میں ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں