47

وزیراعظم شہباز شریف سے وابستہ امیدیں… (اداریہ)

موجودہ ملکی صورتحال دن بدن تبدیل ہو رہی ہے معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم کی کوشش کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہیں اور عوام کو ان سے بہت امیدیں ہیں کہ وہ ملک وقوم کی ترقی کیلئے مزید کوششیں کریں گے شہباز شریف نے اپنے وزیراعلیٰ کے دور میں صوبہ کی تعمیر وترقی کیلئے جس برق رفتاری سے کام کئے وہ ان کی پہچان بن گئے 13برس تک پنجاب کے تحت شاہی پر براجمان رہنے والے شہباز شریف کروڑوں دلوں پر راج کرتے رہے اس سے پہلے شائد ہی پنجاب کی دھرتی نے اس قدر متحرک وزیراعلیٰ پایا ہو جسکی شاندار ایڈمنسٹریشن کی مثالیں اڑوس پڑوس میں دی جاتی تھیں کیونکہ پنجاب کی ترقی کیلئے شہباز شریف نے ان تھک محنت کی صوبہ کے تمام تر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے والے پہلے وزیراعلیٰ تھے جو دو دہائیاں پنجاب کے اقتدار کی سیج پر شان وشکوہ سے جلوہ افروز ہے اور عوام کی طرف سے خادم اعلیٰ کا خطاب پایا وزیراعلیٰ کے منصب کے بعد اﷲ نے ان کو وزیراعظم پاکستان بننے کا موقع دیا بطور وزیراعظم بھی وہ اپنے اسی جذبہ کے تحت متحرک ہیں جو جذبہ بطور وزیراعلیٰ رکھتے تھے جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو ملک بحرانوں کا شکار تھا چاروں اطراف مسائل کے انبار لگے ہوئے تھے شہباز شریف نے بطور وزیراعظم ان مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار کیا اور اپنی مسلسل محنت اور تجربہ کار کابینہ کی بدولت آہستہ آہستہ بحرانوں سے نمٹنا شروع کیا چاروں صوبوں’ آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو اعتماد میں لیکر معاشی بہتری کیلئے فیصلے کئے ان کے مخالفین چاہتے تھے کہ ملک ڈیفالٹ ہو اور وزیراعظم مشکلات کا شکار ہوں مگر شہباز شریف ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں ان کی قیادت میں ملک نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کو بھی پاکستان کی مالی مدد کیلئے راضی کر لیا آج ان کی محنت شاقہ کی بدولت عالمی مالیاتی ادارے سمیت دنیا بھر کی ریٹنگ ایجنسیاں یہ رپورٹ جاری کر رہی ہیں کہ پاکستان معاشی طور پر سنبھل چکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی ہو رہی ہے مختلف ممالک پاکستان کی معاشی ترقی سے مطمئن ہیں سعودی عرب’ متحدہ عرب امارات’ کویت’ ترکیہ’ ایران’ آذربائیجان’ ازبکستان سمیت متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھا رہے ہیں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے معاشی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے معیشت درست سمت میں گامزن ہے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے توانائی شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے صنعتوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں تاکہ ایکسپورٹ بڑھیں’ وزیراعظم نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے غیر منافع بخش اداروں کی نجکاری سے قومی خزانے کی صورتحال مزید بہتر بنانے کا عمل جاری ہے حکومتی کارکردگی کی بدولت سٹیٹ بنک نے شرح سود میں کمی کی جس کے انڈسٹری پر اچھے اثرات مرتب ہوئے وزیراعظم کے کابینہ کے اہم رکن وزیر خزانہ اورنگزیب ترسیلات زر کو 36ارب ڈالر تک لیجانے کیلئے پُرعزم ہیں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے مختصر سے عرصہ میں جو ترقی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ابھی تو ان کی حکومت کا ایک سال گزرا ہے اور یہ تو ملکی ترقی کیلئے ایک آغاز ہے حکومت کے پاس ابھی 4سال کا عرصہ باقی ہے اور ان چار سالوں میں اگر وزیراعظم میں ملک کو معاشی ترقی میں اسی طرح آگے لیجانے کا جذبہ رہا تو وہ وقت ضرور آئے گا جب پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کے چنگل سے آزاد ہو گا اور اپنے فیصلے خود کر سکے گا کسی مالیاتی ادارے کے سامنے دست سوال دراز نہیں کرنا پڑے گا وزیراعظم نے اقتدار سنبھالتے ہی قوم سے یہ عہد کیا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے یہ آخری پروگرام ہو لہٰذا اپنی حکومت کے پہلے سال میں ہی اس کی جھلک دکھائی دینے لگی ہے قوم کو امیدیں ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی منزل حاصل کر لے گا ملک وقوم کی ترقی کیلئے حکومت اپنی تمام تر صلاحیتیں صرف کر دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں