وزیراعظم شہباز شریف کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت

اسلام آباد (بیورو چیف)وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اقبال کی فکر کی روشنی میں نوجوان نسل کیلئے ایسی تعلیم کیلئے پر عزم ہے جو صرف روز گار کا ذریعہ نہ ہو بلکہ فکر و کردار کی بھی اصلاح کرے۔ یوم اقبال پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ آج ہم شاعر مشرق، مفکر اسلام اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر انکے افکار و بصیرت، ملت اسلامیہ اور مسلمانان برصغیر کے لیے انکے غیر معمولی کردار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال ایک ایسی روحانی و فکری قوت کا نام ہیں جس نے غلامی کے اندھیروں میں روشنی کی شمع جلائی، اور ایک ایسی قوم کو خودی کا پیغام دیا جو مایوسی کا شکار تھی۔وزیراعظم نے کہاکہ علامہ اقبال نے یہ سبق دیا کہ ایمان اور علم و عمل ہی وہ ستون ہیں جن پر ایک زندہ قوم اپنی تعمیر کرتی ہے۔ آج بھی قومی و عالمی حالات میں فکر اقبال رہنمائی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقبال کا نوجوان ملت کا معمار اور مستقبل کا شاہین ہے،حکومت پاکستان اقبال کی فکر کی روشنی میں نوجوان نسل کے لیے ایسی تعلیم کے لیے پر عزم ہے جو صرف روز گار کا ذریعہ نہ ہو بلکہ فکر و کردار کی بھی اصلاح کرے۔ اقبال کی فکر کی روشنی میں ہمارے تعلیم کی نظریاتی تشکیل ہماری وہ ضرورت ہے جس پر ہماریتابناک اور مضبوط مستقبل کا انحصار ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب تھا کہ نوجوان اپنی تقدیر خود لکھیں اور اپنی پرواز سے نئی دنیا پیدا کریں، اسی فکر کو عملی صورت دینے کے لیے حکومت نے نوجوانوں کے لیے جدید تعلیم، ہنر مندی، اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد پروگرام شروع ہیں جن میں اڑان پاکستان شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقبال مفکر اسلام تھیاور عالم اسلام کا اتحاد اور دنیا میں امن کا قیام اقبال کا خواب تھا۔ وہ امت مسلمہ کو ایک جسم کی مانند دیکھتے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج دنیا کو اقبال کے اس پیغام کی ضرورت ہے۔ جہاں فرقہ واریت کے بجائے اخوت ہو، نفرت کے بجائے محبت ہو، اور طاقت کے بجائے انصاف کی بالا دستی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے افکار قومی پالیسی، تعلیمی ترجیحات، اور انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لئے مشعل راہ ہیں،ہمیں اقبال کے افکار کو اپنے عمل کا محور بنانا ہے تاکہ پاکستان حقیقی معنی میں اقبال کے خوابوں کا پاکستان بن سکے، جہاں علم و عمل، محبت و رواداری، اور امن و انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقبال کے افکار کی روشنی میں امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں