16

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8ویں ایڈیشن کے موقع پر سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری’ ثقافت’ اختراعات’ ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا’ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی حمایت پر اظہار تشکر کیا وزیراعظم نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تاریخی اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں’ عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے سعودی عرب اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی آگے بڑھانا مستقبل کیلئے ضروری ہے، ریاض میں دو روزہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے آٹھویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آپکو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں تاکہ آپ اپنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو پاکستان میں لائیں کیونکہ ہم ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کرتے ہیں جس کی جڑیں لچک اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہوں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھی تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، پاکستان میں تین اہم شعبوں مصنوعی ذہانت’ تعلیم اور صحت میں جدت طرازی کے ذریعے علم پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھ رہا ہے جس میں وہ مفید شراکت داری قائم کرنے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم نے کہا رواں سال مارچ میں اقتدار سنبھالنے کے بعد عوام کی ترقی وخوشحالی ہماری حکومت کی توجہ کا مرکز رہی ہے، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ان کی صحت وتندرستی کے لیے دعا کی’ وزیراعظم کا سعودی عرب پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے استقبال کیا،، وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ریاض میں ہونیوالی دو روزہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے آٹھویں ایڈیشن میں وزیراعظم نے کانفرنس کے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جو ان کے اس عزم کو ظاہر کر رہی ہے کہ وزیراعظم پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوشاں ہیں، سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ترکی’ ایران’ یو اے ای کے ساتھ بھی تجارتی تعلقات میں برابر اضافہ ہو رہا ہے جو پاکستان پر برادر اسلامی ممالک سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے میاں شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم معیشت کی مضبوطی کیلئے کوشاں ہیں حکومت کی پالیسیوں پر اندرونی وبیرونی سرمایہ کار بھی اعتماد کر رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے حکومت سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے اقدامات یقینی بنا رہی ہے جس کے اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں امید ہے موجودہ حکومت کی کارکردگی دن بدن بہتری کی جانب گامزن رہے گی اور ملک کی معیشت مستحکم ہو گی ملک ترقی کرے گا عوام خوشحال ہو گی مہنگائی میں کمی ہو گی اور ایک وقت آئے گا جب ہم عالمی مالیاتی اداروں کے آگے قرض کیلئے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں