وزیراعظم پیکج کو دھچکا،جون میں بھی بجلی صارفین کو کمی کا مکمل ریلیف نہ ملنے کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) بجلی7روپے41 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کے وزیراعظم پیکیج کو ایک اور دھچکا لگنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جون میں بھی بجلی صارفین کو اعلان کردہ کمی کا مکمل ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔جون میں بجلی صارفین کے لیے مجموعی ریلیف کم ہوکر 4چارروپے 79پیسے فی یونٹ رہنے کا امکان ہے، اس وقت وزیر اعظم پیکیج کے تحت بجلی صارفین کو 6روپے 35پیسے کا ریلیف مل رہا ہے جبکہ گزشتہ ماہ اپریل میں بجلی صارفین کو 4روپے 97پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا تھا۔رواں ماہ کے مقابلے میں آئندہ ماہ وزیر اعظم سستی بجلی سہولت پیکج کے تحت بجلی صارفین کو دیے جانے والے ریلیف میں کمی کاخدشہ ہے، تاہم ریلیف میں کمی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے اپریل کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست کے مطابق من و عن اضافے اور اس کا اطلاق جون میں کرنے سے مشروط ہوگا۔ذرائع کے مطابق مارچ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے 29پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف اس مہینے ختم ہو جائیگا جبکہ اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں سی پی پی اے نے ایک روپے 27پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگ رکھا ہے۔ذرائع کیمطابق رواں مالی سال کی دوسری اور تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق جون میں برقرار رہیگا، رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ایک روپے 90پیسے اور رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ایک روپے 55پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف دیا جارہا ہے۔پیٹرولیم لیوی کی مدمیں ایک روپے 71پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف بھی جون میں برقرار رہیگا جبکہ ری ٹینڈ ایف سی اے کی مد میں 90 پیسے فی یونٹ کمی بھی جون میں برقراررہے گی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 3اپریل کو گھریلو صارفین کے لیے بجلی 7روپے 41پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں