وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کیلئے بڑا اقدام،قرضہ کی رقم5لاکھ سے بڑھا کر 15لاکھ کردی

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے (SMEs) کے کاروبار کے امور پر جائزہ اجلاس’ وزیراعظم کی چھوٹے پیمانے کے کاروبار کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم کو 5لاکھ سیبڑھا کر 15لاکھ کرنے کی ہدایت’ وزیراعظم نے ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات کی فراہمی کیلئے انکا تفصیلی سروے کا جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی’ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانے والی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔ چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین آنٹر پرونیورز کیلئے خصوصی پیکیج تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔ پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ایس ایم ایز کو فروغ دے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو۔ حکومت نوجوانوں اور خواتین آنٹرپرونیورز کو اسقدر با اختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے کہ وہ نہ صرف خود روزگار کمائیں بلکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کریں۔ اجلاس میں وزیراعظم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایس ایم ایز کی ترقی و سہولت کیلئے حکومتی اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ایس ایم ایز کیلئے قرض کے فارم کو مزید آسان اور سادہ کر دیا گیا ہے تاکہ ذیادہ سے ذیادہ ایس ایم ایز اپنے کاروبار کی بہتری کیلئے قرض کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کی درجہ بندی اس حوالے سے کی جارہی ہے کہ تمام چھوٹے اور متوسط پیمانے کے کاروبار حکومتی معاونت و سہولیات سے ذیادہ سے ذیادہ فائدہ اٹھا سکیں اور انہیں بروقت و آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی ہو’ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر ایس ایم ایز میں بہت چھوٹے پیمانے اور گھریلو خواتین کے چھوٹے کاروبار کی سہولت کیلئے ایک نئی کیٹیگری متعارف کروائی جائے گی جس میں انکو قرض کے حصول میں آسانی سے لے کر کاروبار کی بہتری کیلئے حکومتی معاونت حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں