وزیراعظم کا گھریلو صارفین کو مسلسل 17گھنٹے گیس فراہمی کا حکم نظر انداز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے احکامات نظرانداز’ موسم سرما میں صبح 5 بجے سے رات 10بجے تک گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی پر عملدرآمد نہ ہو سکا، گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشان۔ تفصیل کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شہریوں کو خوشخبری سنائی تھی کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو صبح 5بجے سے رات 10بجے تک بلاتعطل گیس کی فراہمی جاری رہیگی۔ تاہم محکمہ سوئی ناردرن گیس کے افسران نے وزیراعظم پاکستان کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے گیس کی فراہمی پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو گئے۔ فیصل آباد کے اکثر علاقوں میں گیس کا پرانا شیڈول ہی چل رہا ہے۔ صبح’ دوپہر اور شام کو 2گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ برقرار رہنے پر نان بائی کی موجیں ہو گئیں وہ مہنگے داموں نان’ روٹی کی قیمتیں وصول کرنے لگے جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہری بیزار ہو گئے۔ شہری حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف’ مشیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی فراہمی کے نئے شیڈول کو یقینی بنایا جائے تاکہ موسم سرما کے دوران صارفین کو ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں