وزیراعظم کی نواز شریف سے اہم ملاقات

لاہور(بیوروچیف)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی امراء رائے ونڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی ۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔وزیراعظم نے نواز شریف کو اپنے دورہ ملائیشیا ء کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔وزیراعظم نے نواز شریف کو ملائیشیا ء کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا ۔ وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا ء کے درمیان دو طرفہ تعلقات خصوصا اقتصادی تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو اپنے آنے والے دورہ مصر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ملاقات میں افغانستان کی جانب سے اشتعال انگیزی پر بھی بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں افغانستان کے اشتعال کے جواب میں موثر اور بھرپور پر پاکستان کی افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لئے پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی سربراہ نواز شریف کو حالیہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں بارے میں بریفنگ دی۔نواز شریف نے قومی معاملات پر اپنی رہنمائی فراہم کی۔ملاقات میں پارٹی امور اور حکومتی پالیسیوں پر بھی مشاورت کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں