اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کے موجودہ مالی سال کے 9ماہ میں غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 3 کروڑ 13 لاکھ91 ہزار روپے خرچ کیے گئے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2022-23 کے 9 ماہ کے دوران حکومتی وفود کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اوران کے ہمراہ بیرون ملک جانیوالے وفود کے دوروں ، قیام و طعام اور دیگر اخراجات پر مالی سال 2022ـ23 کے نو ماہ کے دوران ایک ارب 3 کروڑ 13 لاکھ91 ہزار روپے کے اخراجات ہوئے ہیں۔وزیراعظم کے بیرون ممالک دوروں پر مختلف ادائیگیوں، عطیات ، رجسٹریشن و فیسوں کی مد میں 84 کروڑ 9 لاکھ روپے خرچ ہوئے، دوروں میں مختلف اخراجات میں 14 کروڑ33 لاکھ 44ہزار روپے ادا کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کانفرنس، ورکشاپس و سیمینار کی مد میں 20 لاکھ روپے کے اخراجات آئے، اخبارات ، جرائد اور کتابوں پر 5لاکھ 98ہزار روپے خرچ کیے گئے جبکہ بیرون ممالک دیگرامور کی مد میں2 کروڑروپے اخراجات ہوئے ہیں۔
16