68

وزیراعلیٰ مریم نواز کی بہتر حکمت عملی کی تعریف(اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے دور حکومت کے ابتدائی 100روز میں عوام کی فلاح وبہبود اور خدمت کے لیے بہت کام کیے انکی حکمت عملی نہ صرف کامیاب رہی بلکہ ان کے کام کی دیگر صوبوں میں بھی تعریف کی گئی انہوں نے عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے صوبہ بھر کی انتظامیہ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، عیدالاضحی پر پنجاب حکومت کے بعض اقدامات نے تو تنقید کرنے والوں کے بھی منہ بند کر دیئے عیدالاضحی کے موقع پر ستھرا پنجاب کیلئے جس لگن کے ساتھ کام ہوا وہ براہ راست عام کو فائدہ پہنچانے کی سوچ اپنائے ہوئے ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ کی زیرنگرانی مسافروں کو ٹرانسپورٹرز کی من مانیوں سے بچانے کیلئے سخت اقدامات کی بدولت پردیسیوں کو بہت فائدہ پہنچا مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے والوں کو موقع پر ہی سزائیں دی گئیں ہر مسافر کو کم ازکم دو سو روپے کی بچت ہوئی، وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کو ریلیف حاصل ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب نے قبل ازیں پرائس کنٹرول کے حوالے سے انتظامیہ کو مؤثر کارروائیوں کا حکم جاری کیا تھا جس کی وجہ سے آٹے کے نرخوں میں کمی ہوئی آٹا چکیوں پر 90روپے فی کلو آٹا ملنے لگا آٹے کے تھیلوں کے ریٹس میں بھی کمی ہوئی چاولوں کے نرخ بھی کم ہوئے مشروبات’ بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی سبزیوں خاص طور پر پیاز’ لہسن’ ادرک کے آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ میں آ گئیں جس پر عوام نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا وزیراعلیٰ مریم نواز نے صحت عامہ کے حوالے سے بھی ٹھوس اقدامات کی ہدایات کیں لوگوں کے گھروں تک ادویات پہنچائیں گئیں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی قلت ختم او پی ڈی کے حوالے سے مثالی اقدمات کئے ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کے بھی اقدامات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے” وزیراعلیٰ نے اپنی حکمت عملی سے یہ ثابت کر دکھایا کہ اگر خالصتاً عام آدمی کی فلاح وبہبود کا مشن لیکر میدان میں اترا جائے تو ہر کام ہو سکتا ہے صوبہ کی انتظامیہ کو اگر سارا سال عیدالاضحی کی طرح متحرک کیا جائے تو مصنوعی مہنگائی پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے ناجائز منافع خوری سے عوام کو نجات دلائی جا سکتی ہے اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی’ طلب ورسد کو بہتر کیا جا سکتا ہے ہمارے بہت سے مسائل بدانتظامی اور حکومتوں کی عدم توجہ سے پھیلے ہوئے ہیں اس میں کچھ شک نہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مختصر عرصہ میں وہ کام کر دکھائے جن کو مخالفین کئی سال تک نہ کر سکے، مریم نواز شریف وزیراعلیٰ کی حیثیت سے لیڈ تو کر رہی ہیں لیکن میاں نواز شریف کا تجربہ ان کے لیے آسانیاں پیدا کر رہا ہے اگر مریم نواز اسی رفتار سے عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کرتی رہیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جاتا رہا تو اس سے مسلم لیگ (ن) کو سیاسی فائدہ حاصل ہونے کی توقع ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے اچھے انداز میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے لوگوں کو جگایا ہے اور یہ احساس دلایا ہے کہ اگر کام کرنا چاہیں تو ہو سکتا ہے ماضی میں تو پنجاب میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے کوئی بھی کام نہیں ہوا صرف کاغذی کارروائیاں ہوئیں فنڈز جاری ہوئے مگر کہیں بھی فنڈز خرچ نہ ہو سکے مختلف منصوبوں کے اشتہارات جاری کئے گئے مگر عملی کام کہیں نظر نہیں آیا وزیراعلیٰ کی کابینہ میں شامل مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری نے بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کئے ان کے منصوبوں کا عوام میں اچھے انداز میں تعارف پیش کیا جو خوش آئند ہے صوبہ کے 36اضلاع کی انتظامیہ کی بذریعہ زوم نگرانی اور گاہے بگاہے انتظامیہ سے رابطوں کے باعث عملہ صفائی’ محکمہ صحت کا عملہ’ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس’ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کی کارکردگی جانچی جاتی رہی ہے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹروں کی من مانیوں کو روکا گیا گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں سے عام آدمی کو اشیاء خوردونوش مقررہ نرخوں پر ملیں المختصر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صرف 100روز میں کچھ کر دکھایا جس کی عوامی سماجی سیاسی حلقوں میں تعریفیں کی جا رہی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب حکومت کی اس حکمت عملی کو جاری رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو اس کے ثمرات حاصل ہوتے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں