وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جشن آزادی منانے کی تیاریاں شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر” حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک” کے سلوگن کے تحت صوبہ بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جشنِ آزادی کو بھرپور قومی جوش و جذبے سے منانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ امسال 14، اگست کو جشنِ آزادی کو ”آپریشن بنیان المرصوص” اور ”معرکہ حق” کی عظیم کامیابی کے پس منظر میں منایا جائے گا تاکہ قوم کے جذبہ قربانی اور افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے ۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت جشنِ آزادی کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایس ایس پی آپریشنز اور ضلعی و صوبائی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری عمارات کے ساتھ ساتھ نجی عمارتوں، پلازوں، دکانوں اور گھروں پر بھی قومی پرچم لہرا کر اور برقی قمقموں سے سجاوٹ کی جائے۔مرکزی بازاروں اور اہم شاہرائوں کی یکساں تزئین و آرائش کی جائے تاکہ قومی تہوار کا ماحول ہر سمت نمایاں ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ تقریبات میں سول سوسائٹی، شہریوں، طلبہ، نوجوانوں اور خواتین کی شمولیت کو بھرپور طریقے سے یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشنِ آزادی پر کھیلوں کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جن میں کرکٹ، فٹبال، کبڈی اور دیگر کھیل شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملی نغموں، تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز جیسے رنگا رنگ پروگرامز بھی ترتیب دیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں اپنے اپنے دائرہ کار میں مکمل تیاری کریں اور عوام کو اس قومی دن پر خوشی، اتحاد اور یکجہتی کا عملی پیغام دیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیصل آباد میں جشنِ آزادی کو مثالی انداز میں منایا جائے گا اور یہ دن قومی وقار، یکجہتی، اور قربانیوں کی لازوال داستان کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں