وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول و کموڈیٹیز مینجمنٹ سلمی بٹ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے رمضان سہولت بازار اور مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے معاون خصوصی کو رمضان سہولت بازار میں کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔معاون خصوصی نے رمضان سہولت بازار میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمی بٹ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 80 سے زائد رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں، جہاں روزانہ 3 سے 4 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے 30 ارب روپے کا رمضان نگہبان پیکیج دیا ہے، جس کے تحت 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں، اور اس سے 30 لاکھ گھرانے مستفید ہو رہے ہیں۔سلمی بٹ نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ عام آدمی کے گھر کی دہلیز پر 10 ہزار روپے کا پے آرڈر پہنچایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس بار رمضان سہولت بازار بغیر کسی حکومتی سبسڈی کے لگائے گئے ہیں، اور آڑھتیوں و ہول سیل ڈیلروں نے اپنے سٹال خود قائم کیے ہیں، جس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔بعد ازاں، معاون خصوصی نے رمضان نگہبان پیکج کی رقوم کے حصول کا جائزہ لینے کے لیے مختلف ریٹیلرز کی دکانوں کا دورہ کیا اور پے آرڈر سے رقم وصول کرنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 18 ہزار برانچز کے ذریعے رمضان پیکج کی رقوم کی تقسیم جاری ہے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب رمضان پیکج کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ اب تک 237 ریٹیلرز کے خلاف پیکج کی رقم میں کٹوتی کرنے پر ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ عوامی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور رمضان سہولت بازار میں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں