وزیراعلیٰ کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن میں میگا منصوبوں پر کام جاری

سرگودھا (بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن کے آٹھ شہروں میں36 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، بارشی پانی کی نکا سی ، نالوں کی بحالی اور گلیوں میں پف ٹائپ ٹف ٹائلز کی تنصیب کے میگا منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد شہری انفراسٹر کچر کو بہتر بنانا اور بالخصوص مون سون سیزن کے دوران عوام کو درپیش مسائل کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے۔ ان منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ، ایم ڈی واسا اور چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کے علائوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے سکوپ آف ورک، معیار اور تکمیل کی مدت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا کی چاروں تحصیلوں، بھیرہ ، بھلوال ، سلانوالی اور ساہیوال سمیت خوشاب، جوہرآباد، میانوالی اور بھکر میں سیوریج سسٹم کی بحالی، نئی ڈرینج لائنز کی تنصیب، بارشی پانی کے نکاس کے منصوبے اور گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہو چکا ہے۔ منصوبوں کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہو ئے دیرپا بنیادوں پر شہری سہولیات فراہم کریں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں