19

وزیراعلیٰ KPKسہیل آفریدی 9مئی واقعات میں ملوث،ویڈیو سامنے آگئی

نوشہرہ (نامہ نگار) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور اختیار ولی خان نے9مئی کے واقعات سے متعلق ایک نئی ویڈیو منظرِ عام پر لے آئے، جس پر انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بلوائیوں کی قیادت کی اور ریاستی اداروں پر حملے کرائے۔نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پہلے ہی دن واضح کر دیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں اور اب ان کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آچکی ہیں۔اختیار ولی خان نے کہا کہ سہیل آفریدی ان ویڈیوز کو اپنے ساتھ ہر وقت موجود بیرسٹرز کو دکھائیں اور ان سے مشورہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مزید ایک دو ویڈیوز بھی حکومت کے پاس موجود ہیں جو مناسب وقت پر سامنے لائی جائیں گی۔انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے چار بڑے اسپتالوں میں گزشتہ تیرہ برسوں کے دوران کوئی توسیع نہیں کی گئی، نہ نئی سڑکیں، کالجز یا یونیورسٹیاں بنائی جا سکیں۔انہوں نے سوال کیا کہ سہیل آفریدی قبائلی اضلاع کی نمائندگی کرتے ہیں، کیا انہوں نے وہاں کوئی اسکول یا کالج قائم کیا؟ کیا یہ عشقِ عمرانی ہے کہ ریاست پر چڑھائی کر دی جائے؟اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر کام نہیں کریں گے، حالانکہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے ایک فیصلے کے مطابق کسی سزا یافتہ شخص کے مشورے سے کابینہ تشکیل نہیں دی جا سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں