وزیر ریلوے کا بلھے شاہ ٹرین بحال کرنے کا اعلان

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد احمد خان اور وزیر مملکت نیشنل فوڈ سکیورٹی ملک رشید احمد خان کی درخواست پر بلھے شاہ ٹرین (قصور تا پاکپتن ) کو 28 مئی سے بحال کرنیکا اعلان کر دیا۔ وزیر ریلو ے محمد حنیف عباسی سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور وزیر مملکت نیشنل فوڈ سکیورٹی ملک رشید احمد خان نے ملاقات کی جس میں 257ـاپ / 258ـڈاؤن بْلھے شاہ پیسنجر کی بحالی کی درخواست کی۔بْلھے شاہ پیسنجر 15ـ11ـ2011 کو معطل کی گئی تھی۔ ٹرین کا روٹ، قصور ، عثمانوالہ، کنگن پور، منڈی احمد آباد، بصیرپور، حویلی وساوے والا سے پاکپتن ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے 28 مئی سے ٹرین بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بْلھے شاہ ٹرین کی بحالی سے مقامی آبادی کو بڑی سفری سہولت میسر آئے گی۔ وفاقی وزیر نے قصور کی عوام کے لئے 25 ایکڑ اراضی پر پارک کے قیام کی منظوری بھی دی۔پارک منصوبہ وزیراعظم، سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیرِ مملکت ملک رشید احمد خان کے حلقے میں قائم ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں