وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے شیل کمپنی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے شیل کمپنی کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرمایہ کاری بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ شیل کمپنی کی آئندہ چار برس میں 100 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں شیل کمپنی کے سرمایہ کاری منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے سٹوریج سائٹ قائم کرنے کی منصوبہ بندی خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ کاروبار میں آسانیوں کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کر رہا ہے، بی ایف سی سنگل ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کی مکمل معاونت کے عزم پر قائم ہے۔ملاقات کے دوران شیل کمپنی کے وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ کمپنی کے پاکستان میں اس وقت تقریباً 650 فیول پمپس کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ آئندہ چار برس میں فیول پمپس کی تعداد ایک ہزار سے زائد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نمائندہ شیل کمپنی نے سرمایہ کاری بورڈ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں