وفاق کی جانب سے وسائل نہ ملنے کی سندھ سے زیادہ شکایات

اسلام آباد(بیوروچیف)58فیصد پاکستانیوں میں وفاق کی جانب سے صوبوں کو نظر انداز کرنیکا تاثر پایا جاتا ہے۔ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن ریسرچ نے نیا سروے جاری کردیا ہے۔سروے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ وسائل کی تقسیم میں صوبوں کی ساتھ ناانصافی برتی جا رہی ہے۔ 35فیصد نے صوبوں کو مناسب توجہ اور وسائل ملنے کا کہا۔ وفاق کی جانب سے مناسب وسائل نہ ملنے کی سب سے زیادہ شکایت سندھ سے 74فیصد افراد نے کی۔ بلوچستان سے 68فیصد، خیبرپختونخوا سے 65فیصد جبکہ پنجاب سے سب سے کم 47فیصد نے وسائل نہ ملنے کا شکوہ کیا۔ اس سوال پر کہ قوم پرست تحریکوں کے پیچھے کیا وجوہات ہوتی ہیں؟ 33فیصد نے سیاسی محرومیوں کو سب سے بڑی وجہ قرار دیا۔ 21فیصد نے ترقی کے فقدان، 14فیصد نے غیر ملکی مداخلت، 10فیصد نے ریاستی تشدد جب کہ 6فیصد نے نسلی امتیاز کو قوم پرست تحریکوں کی اہم وجہ کہا۔ پاکستان کو مضبوط کرنے کے لیے سروے میں 28فیصد نے حکومت کو جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کا مشورہ دیا۔ 19فیصد نے وسائل کی منصفانہ تقسیم، 16فیصد نے غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت کے خاتمے، 15فیصد نے انسانی حقوق کے احترام جب کہ 13 فیصد نے علاقائی شناخت کے احترام کو پاکستان کے استحکام کیلیے اہم کہا۔سروے میں 66فیصد پاکستانیوں نے حقیقی نمائندگی نہ ملنے کی شکایت کی، البتہ 27فیصد نے اس سے اختلاف بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں