ون ویلنگ کے جنون نے ایک اور قیمتی جان لے لی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) موٹر سائیکل پر ون ویلنگ نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔ کھیکھا روڈ پر زرعی یونیورسٹی سب کیمپس کے قریب تیز رفتاری اور خطرناک کرتب دکھانے کے شوق میں نوجوان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 295 گ ب 3 مرلہ سکیم کا رہائشی 20 سالہ ذوالقرنین ولد عبدالغفار ٹوبہ سے یونیورسٹی کی طرف موٹرسائیکل پر جا رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق وہ موٹرسائیکل کے اوپر لیٹ کر تیز رفتاری اور ون ویلنگ کر رہا تھا کہ یونیورسٹی کے قریب اچانک موٹرسائیکل سلپ ہو گئی۔ نوجوان سڑک کنارے فٹ پاتھ سے ٹکرا کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق متوفی کو سر پر شدید چوٹیں آئیں، لواحقین نے متوفی کی نعش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے نوجوانوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ون ویلنگ اور تیز رفتاری جیسے خطرناک شوق سے گریز کریں، کیونکہ یہ صرف چند لمحوں کا جوش نہیں بلکہ زندگی بھر کا نقصان بن جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں