وکیل اور اسکی فیملی پر حملہ،گاڑی چھیننے کی کوشش،وکلاء کی ہڑتال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پولیس سول ہسپتال کے باہر وکیل اور اسکی فیملی پر مسلح افراد کا حملہ کرتے ہوئے قیمتی گاڑی چھیننے کی کوشش کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد نے آج ہڑتال کر دی’ وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید وہاب شاہ ایڈووکیٹ کی اطلاع کے مطابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب کونسل زبیح اﷲ ناگرہ’ وائس چیئرمین محمد اشفاق کہوٹ’ رانا محمد اکرم خاں’ فاروق ڈوگر’ ملک غلام عباس نسوآنہ’ محمد مشتاق’ میاں مہران طاہر’ چنگیز احمد خان کاکڑ اور امتیاز احمد لونا اور دیگر نے اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب سید نصرت عباس بخاری ایڈووکیٹ کے بیٹے اور باقی فیملی اپنی ملکیتی گاڑی پر گھر آ رہے تھے کہ جب وہ سول ہسپتال کے قریب پہنچے تو نامعلوم ڈالوں پر سوار 30/35 مسلح افراد نے ان کی گاڑی روک کر حملہ کر دیا اور گاڑی چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر اسلحہ نکال کر انکو جان سے مارنے کی کوشش کی، اسی دوران وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی سید نصرت عباس بخاری ایڈووکیٹ اور ان کے شاگر موقع پر آ گئے۔ مسلح افراد نے ان پر بھی حملہ کیا جس کی وکلاء برادری نے بھرپور مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کا فوری مقدمہ درج کر کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے آج 15ستمبر کو ہڑتال کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں