ویب سیریز دھوپ کی دیوار یوٹیوب پر ریلیز کر دی گئی

کراچی (شوبز نیوز) مقبول اداکار احد رضا میر اور سجل علی کی اداکاری پر مبنی پاکستانی لکھاری عمیرہ احمد کی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے لکھی گئی ویب سیریز دھوپ کی دیوار یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی۔ویب سیریز کو ابتدائی طور پر 2021 میں زی فائیو کے چینل زندگی پر ریلیز کیا گیا تھا لیکن اب اسے زندگی کے یوٹیوب پر بھی ریلیز کردیا گیا۔یوٹیوب پر 4 نومبر کو ویب سیریز کی پہلی قسط ریلیز کی گئی اور اسے چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے دیکھا۔ویب سیریز میں احد رضا میر نے بھارتی جب کہ سجل علی نے پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں کا تعلق فوجی خاندانوں سے دکھایا گیا ہے۔ویب سیریز میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز کی کہانی پر2021ء میں بھی تنازع سامنے آیا تھا اور شائقین نے اس وقت لکھاری سمیت ٹیم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد کی تحریر کردہ کہانی پر بنی ویب سیریز دھوپ کی دیوار کی ہدایات حسیب حسن نے دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں