13

ویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم (اداریہ)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گذشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ کا دورہ کر کے امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا ، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محسن نقوی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ملاقاتیں بھی کیں اورویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیا، واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے بڑی تعداد میں مسافروں نے بیرون ملک روانگی سے روکے جانے اور جہازوں سے آف لوڈ کرنے کی شکایات کی ہیں، مسافروں کو سفر سے روکے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی تبصرے ہو رہے ہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ جعلی دستاویزات یا دیگر ذرائع سے بیرون ملک جانے والے مسافر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں یہ سلسلہ کسی قیمت پر جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ دستاویزات کے بغیر سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں معصوم لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں اور ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ معصوم افراد کو ملازمت کا جھانسہ دیکر بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے اسلام آباد ایئر پور ٹ کا دورہ کیا اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ان کے مسائل براہ راست سنے انہوں نے مزید بتایا کہ ایک مسافر کی 7 نومبر کی کم اسٹافنگ سے متعلق شکایت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد کا دورہ اور مسافروں کی شکایات کا نوٹس لیکر سخت احکامات کا جاری کرنا خوش آئند ہے بلا شبہ اس وقت ویزا ایجنٹ مافیا اپنا کھیل تیزی سے کھیل رہے ہیں اور معصوم اور سادہ لوح انسانوں کو اپنے دام میں پھنسا کر ان سے بیرون ملک میں ملازمت دلوانے کے نام پر بڑی بڑی رقوم حاصل کر رہے ہیں ، جبکہ ویزا ایجنٹ مافیا دو نمبر کام کر کے معصوم لوگوں کو پھنسا رہے ہیں گھروں سے خوشی خوشی بیرون ملک جانے کے خواب دیکھنے والوں کے خواب اس وقت چکنا چور ہو جاتے ہیں جب ان کو جہاز سے آف لوڈ کر کے بتایا جاتا ہے کہ ان کے کاغذات درست نہیں لہذا وہ سفر نہیں کر سکتے اس طرح کی صورتحال سے بڑی بڑی رقوم خرچ کر کے جانے والے ان معصوم افراد کے گھر والوں پر جو گذرتی ہے اس کا اندازہ لگانا دشوار نہیں کیونکہ جب گھر والے اپنے کسی فرد کیلئے رشتہ داروں، دوستوں اور دیگر ذرائع سے ادھار رقم لیکر ویزا ایجنٹ کو دیکر مطمئن ہو جاتے ہیں کہ اب ان کے حالات بد ل جائیں گے، مگر جب بڑی رقم خرچ کرنے کے بعد بھی ان کا مقصد حل نہیں ہوتا تو وہ مایوس ہو جاتے ہیں وفاقی وزیر داخلہ نے اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لیکر ویزا ایجنٹوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم دیکر اچھا اقدام کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ ویزا ایجنٹوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ ان معصوم افراد سے لوٹی جانیوالی رقوم بھی واپس لیکر متاثرین کو پہنچائی جانی ضروری ہے تاکہ متاثرین کے نقصان کا ازالہ ہو سکے ساتھ ہی ویزا ایجنٹوں کو ملک کے آئین قانون کے تحت سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ دوبارہ کسی بھی معصوم شہری کے ساتھ دھوکہ دہی نہ کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں