ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ اہمیت کا حامل ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا کاہلوں بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ ڈنمارک کے تعاون سے ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ پنجاب بھر کا واحد منصوبہ ہے جس کے تحت33 ملین گیلن ڈیلی سیوریج کو ٹریٹمنٹ کے بعد فصلوں کے لئے کارآمد بنایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے جہاں پر کاشتکاروں کے لئے پانی کی وافر دستیابی ہو گی اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ماحولیاتی اور فضائی آلودگی سے نجات بھی ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل پراجیکٹ ہے جس پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ ایم ڈی واسا نے اپنے دورہ کے دوران کنٹریکٹر سٹاف کو تعمیراتی کام کو مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق جاری رکھنے کی تاکید کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا کاہلوں نے ایم ڈی واسا کو پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت بارے بریفنگ دی جس پر انہوں نے سراہا اور کہا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ تن کوشاں ہے اور اس پراجیکٹ کی تکمیل سے سیوریج کو ڈسپوزآف کرنے کی سروسز میں بہتری کے ساتھ ساتھ آلودگی پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں