21

ٹائر پھٹنے سے مسافر بس کھائی میں جا گری

کوئٹہ (نامہ نگار)بلوچستان کے ضلع واشک میں مسافر بس کو حادثے کے نتیجے میں28افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے کلغلی میں مسافر بس کو حادثہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا، بس گوادر سے کوئٹہ جارہی تھی کہ ٹائر پھٹنے سے بس بے قابو ہوگئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں6افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔لیویز حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو بسیمہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 22 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک میں افسوسناک ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔شہباز شریف نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشک کے قریب تربت سے کوئٹہ جانے والی بس کے کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ افسوسناک حادثے میں جانی نقصان پر دلی رنج اور صدمہ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں