ٹاٹا بازار میں مسمار تجاوزات کا ملبہ اٹھایا نہ جاسکا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے فیکٹری ایریا ٹاٹا بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ملبہ اٹھایا نہ جا سکا، دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ٹاٹا بازار سے ملحقہ گنیش مل روڈ پر پھینکنا شروع کر دیا جسکی وجہ سے روڈ بلاک ہونے سے شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر ایم سی ایف کے انکروچمنٹ عملہ کی طرف سے شہر کی معروف مارکیٹ ٹاٹا بازار میں کئے جانیوالے گرینڈ آپریشن کے دوران دکانوں کے باہر بنے پختہ تھڑے’ سیڑھیاں اور سیمنٹ سے بنے دکانوں کے اندر جانے والے راستے مسمار کر دیئے تھے اور کئی روز گزرنے کے باوجود ملبہ اٹھایا نہ جا سکا تو تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی دکانوں’ مارکیٹوں کے باہر ملبہ کو اٹھا کر گنیش مل روڈ پر پھینکنا شروع کر دیا، جسکی وجہ سے سڑک پر ملبہ کے ڈھیر لگنے سے روڈ بلاک ہو گئی اور گاڑیوں کا گزرنا تو درکنار لوگوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا۔ جس پر ضلعی انتظامیہ کی طرف ملبہ مذکورہ روڈ پر پھینکنے سے منع کر دیا تو تاجروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو دکانوں کے باہر تھڑے’ سیڑھیاں وغیرہ مسمار کر کے ملبہ اٹھایا نہ گیا تھا، ملبہ اٹھانا ضلعی حکومت کی ذمہ داری تھی اور ان کو پھینکنے کیلئے کسی جگہ کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے کہ وہ کہاں ملبہ پھینکیں۔ ٹاٹا بازار کے تاجروں نے کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاٹا بازار سمیت شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد ملبہ اٹھانے کا معقول بندوبست کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں