ٹرانسفارمر دھماکہ میں جھلسنے والا بچہ دم توڑ گیا

جڑانوالہ (نامہ نگار) نیشنل بنک کے باہر لگے ٹرانسفارمر دھماکہ میں جھلسنے والا 7سالہ بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا ہلاکتوں کی تعداد 2ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق چند دن قبل ٹرانسفارمر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا تھا جسکے نتیجہ میں میاں بیوی سمیت 7افراد جھلس گئے تھے جنکو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے مخدوش حالت کے پیش نظر جھلسنے والے افراد کو فیصل آباد برن یونٹ منتقل کیا گیا تھا، گزشتہ روز ٹرانسفارمر دھماکہ میں جھلسنے والا 7سالہ بچہ عمار بھی ہسپتال میں دم توڑ گیا ٹرانسفارمر دھماکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 2ہو چکی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹرانسفارمر دھماکہ میں جھلسنے والے ہسپتال میں زیر علاج افراد کی کسی بھی حکومتی شخصیات تحصیل وضلعی انتظامیہ نے عیادت کرنے کی زحمت تک گوارہ نہیں کی جبکہ انسانی حقوق کی خاطر کام کرنیوالی این جی اوز بھی خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ 7دن گزر جانے کے بعد باوجود غفلت و کوتاہی کے مرتکب افراد کا تعین نہ کیا جا سکا ہے۔ 7سالہ بچے کی ہلاکت پر گھر میں قیامت صغریٰ کا منظر تھا اور ہر آنکھ اشکبار تھی متاثرہ خاندانوں کے افراد نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفارمر دھماکہ کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور جاں بحق ہونیوالے و جھلسنے والے افراد کی مالی امداد کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں