لاہور (بیورو چیف) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلسل پانچویں بار پٹرول کی قیمتوں میں کمی پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے بیان میں کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مسافروں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرائے میں کمی کی گئی ہے۔ کرایوں میں 20 سے 190 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ لاہور سے کراچی کے کرائے میں 190 جبکہ لاہور سے پشاور تک کے کرائے میں 50 روپے کمی کی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ لاہور سے راولپنڈی کے کرائے میں 20 روپے کم کیے گئے ہیں۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کی جاتی ہے۔ باقی صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کی تقلید کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کرنا چاہئے۔ تمام بس اڈوں پر نئے کرائے نامے آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔
13