ٹرمپ کی پیشکش مسترد،ایران کا مذاکرات سے انکار

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنے سے صاف انکار کردیا۔ ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں اعلان کیا کہ ایران امریکا کیساتھ مذاکرات نہیں کریگا۔ اس سے قبل امریکی جریدے کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ نئے ایرانی رہنما سے بات کرنے پر راضی ہیں، ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایران کے نئے رہنما بھی ان سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے ایران پر امریکی اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد ایران کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے جبکہ امریکا اور اسرائیل بھی ایران پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء ۔تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جوابی حملوں میں اب تک 560امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ایرانی فوج کے مطابق کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے اڈوں پر حملے کیے گئے، 3امریکی اور برطانوی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا، ٹینکرز اب خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں جل رہے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فورسز نے مشرق وسطی میں موجود امریکی ایئر کرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن پر بھی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، امریکی بحری بیڑے کو 4 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن ایرانی میزائلوں کا نشانہ نہیں بنا، ایرانی میزائل بحری بیڑے کے قریب تک نہیں آسکے، تاہم سینیٹ کام نے 3امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔سینٹ کام نے مزید کہا کہ ایرانی حملوں میں 5امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، ایران میں 1000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ایران میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ بھی جنگ میں شامل ہو گیا، اسرائیل پر راکٹ داغ دیئے، جس کے بعد بیروت اور تہران میں دھماکے سنائی دیئے، دوحہ اور دبئی میں آج پھر دھماکے ہوئے ہیں، ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایرانی قیادت بات چیت کرنا چاہتی ہے۔امریکا اور اسرائیل کے ایران پر جارحانہ حملے کے بعد سے خطے میں صورت حال کشیدہ ہے، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی نہ صرف سیاسی و عسکری قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ شہری مقامات پر بھی بم برسائے جا رہے ہیں جبکہ ایران کی طرف خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کی جا رہی ہے، امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں برطانیہ بھی مل گیا ہے، اسرائیل نے لبنان پر بھی حملے شروع کر دیئے ہیں۔ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ کویت میں امریکی طیارہ ایف 15گر کر تباہ ہو گیا، طیارے کو ممکنہ طور پر مار گرایا گیا۔امریکی سینٹ کام کی جانب سے طیارہ گرنے کی تصدیق نہیں کی گئی، سینٹ کام نے صرف 3 امریکی فوجی مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔کویتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کویتی فضائی حدود میں دو ڈرونز کو تباہ کیا ہے،ڈرونز کا ملبہ منی میں الاحمدی ریفائنری پر گرا، دو ورکر زخمی ہوئے۔لبنان کے دارالحکومت بیروت میں صبح دھماکوں کی آوازیں سنائیں دیں، اس سے قبل ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں راکٹ داغے تھے، حزب اللہ نے اسے سپریم لیڈر کی شہادت کا بدلہ قرار دیا۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے جارحانہ حملوں میں کم از کم 31 افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 149 افراد زخمی ہیں، اسرائیل نے 50 علاقوں میں انتباہ جاری کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں حزب اللہ رہنما محمد رعد شہید ہو گئے ہیں، محمد رعد حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے کے سربراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں