ٹریفک جرمانوں میں بے تحاشہ اضافہ پرظہارا تشویش

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پی پی114کے امیر چوہدری سلیم گجر،میاں اجمل حسین بدر،جنرل سیکرٹری محمدبلال انورنے اپنے مشترکہ بیان کہا ہے کہ ٹریفک جرمانوں میں بے تحاشا اضافہ کو ناقا بل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کے نفاذ کے بعد صوبے بھر میں عوام شدید پریشانی کا شکار ہے، نئے آرڈیننس کے تحت جرمانوں میں ہوشربا اضافہ نہ صرف عام شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے بلکہ معاشی دباؤ پہلے ہی برداشت کرنے والے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلقات عامہ کے مطابق ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر اب کم از کم جرمانہ دوہزار، کار ڈرائیور کو 5 ہزار جبکہ کمرشل گاڑیوں کو 15 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔ یہ جرمانے ٹریفک نظام کی بہتری کے بجائے عوام سے جبری وصولی کے مترادف ہیں۔پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی سے دوچار عوام کو ایسے ناقابلِ برداشت جرمانوں کا سامنا کرانا ظلم کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹریفک قوانین کی بہتری کے لیے اصلاحاتی اقدامات کرے، عوام کو ٹریفک آگاہی فراہم کرے اور انفراسٹرکچر مضبوط بنائے، نہ کہ اچانک جرمانوں میں کئی گنا اضافہ کر کے لوگوں کی زندگی مزید مشکل بنا دے۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر کسی صورت خاموش نہیں رہے گی۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر اس آرڈیننس پر نظرِ ثانی کرے، مناسب سطح پر جرمانے مقرر کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔انہوںنے کہا کہ صوبے کے شہری پہلے ہی مہنگے پیٹرول، خراب سڑکوں، بڑھتی ٹریفک اور ناکافی ٹرانسپورٹ سہولیات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں بھاری جرمانے عوام کے لیے ایک نئے عذاب سے کم نہیں۔ جماعت اسلامی ٹریفک اصلاحات کی حامی ہے مگرجرمانوں کے ذریعے عوام کا معاشی استحصال کسی صورت قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں