ٹریفک حادثات،باپ2بیٹیوں سمیت5افراد زندگی کی بازی ہار گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ ساہیانوالہ فلائی اوور کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں باپ دو بیٹیوں سمیت جاں بحق جبکہ اسکی اہلیہ سمیت 3افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شادمان کالونی کا رہائشی 46سالہ عدیل شیخ ولد محمد احسان اپنی فیملی 42سالہ اہلیہ عمارہ’ 8سالہ بیٹی ہادیہ’ 8سالہ عائشہ’ 12 سالہ عمیمہ اور 42 سالہ تحسین زوجہ شہزاد کے ہمراہ کار نمبری AUS-077 پر اسلام آباد سے گھر آ رہا تھا جب وہ چک جھمرہ کے علاقہ 154 رب ایکسپریس وے کے قریب پہنچا تو روڈ پر گنے سے لوڈ ٹرالی الٹی ہوئی تھی اور رات کو تاریکی کی وجہ سے کار الٹی ہوئی گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی، تاہم حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو کار سے نکالا تو 48سالہ شیخ عدیل اور اسکی دو بیٹیاں 8 سالہ ہادیہ اور 6 سالہ عائشہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکی تھیں تاہم دیگر زخمیوں میں 42سالہ عمارہ زوجہ عدیل’ 12 سالہ عمیمہ اور تحسین زوجہ شہزاد کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔ تاہم پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی جبکہ مرحوم شیخ عدیل کی اہلیہ کی حالت بھی تشویشناک حالت بتائی جاتی ہے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) روشن والا کے قریب کار نہر میں گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق’ 5بری طرح زخمی ہو گئے جبکہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار ایک بھائی جاں بحق’ دوسرا بری طرح زخمی ہو گیا، ریسکیو ٹیموں نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ روشن والا کے علاقہ میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سیم نہرمیں جاگری’ جس میں سوار 30 سالہ فرحان’ 23سالہ شجر’ 19سالہ سخاوت اور دیگر بری طرح زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں پر 30سالہ فرحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جبکہ دوسرا حادثہ سمندری کے علاقہ میں پیش آیا جہاں پر 17سالہ طیب اپنے بھائی زین کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ اڈا کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا گیا جہاں پر طیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں