ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت2افراد جاں بحق،3بری طرح زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثا ت میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق’ تین افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیم نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق محلہ اسلام پورہ کا رہائشی اسلم اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ کینال روڈ پر 204 چک پل کے قریب پہنچا تو اسی دوران تیز رفتار ڈالہ کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار فیملی گر گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی، زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ روبینہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ اس کے شوہر اور بچوں کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ جبکہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ جہانگیر موڑ کے قریب گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریکٹر کی ٹکر لگنے سے ٹریکٹر ڈرائیور بلال سکنہ 273 رب گر کر بری طرح زخمی ہو گیا جسے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں