ٹریفک حادثات میں دو افراد لقمہ اجل بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شیخوپورہ روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اسکے دو ساتھی بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر شیریں والاکے قریب محمد امین اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ عقب سے آنیوالی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے تینوں دوست گر کر بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ 40سالہ محمد امین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ117ج ب کے قریب تیز رفتار ڈمپر اور لوڈر رکشہ میں تصادم، رکشہ سوار بیٹا جاں بحق ، باپ بری طرح زخمی ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملت ٹائون کا رہائشی47سالہ اختر حسین اپنے 16سالہ بیٹے سفیان کے ہمراہ منڈی سے لوڈر رکشہ پر سبزی لیکر آ رہا تھا کہ جب وہ 117ج ب دھنولہ ، دیال گڑھ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے باپ بیٹا بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 18سالہ سفیان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ریسکیو ٹیم نے نعش تھانہ ملت ٹائون کے حوالے کرتے ہوئے زخمی باپ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں