ٹریفک حادثات میں مخبوطالحواس خاتون سمیت2افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مکوآنہ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے سڑک عبور کرتے نوجوان کو کچل دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق مکوآنہ کا رہائشی 30سالہ فاروق بائی پاس چوک کے قریب پیدل سڑک عبور کر رہا تھا کہ اسی دوران تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو فاروق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا، تاہم پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں اثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایکسپریس وے واپڈا سٹی کے قریب نامعلوم گاڑی نے مخبوط الحواس خاتون کو کچل دیا۔ پولیس نے خاتون کی نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ چک جھمرہ کے انسپکٹر بشیر احمد نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسپریس وے پر واپڈا سٹی کے قریب خاتون جس کا ذہنی توازن درست نہ ہے اکثر گھومتی رہتی تھی گذشتہ روز نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئی۔ تو حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم مضروبہ کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں