86

ٹریفک حادثات میں 2خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں دو خواتین سمیت 3افراد جاں بحق ہو گئے، حادثات کے مرتکب ڈرائیورز موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق حاجی اﷲ دتہ کی فیملی لاہور سے فیصل آباد شفٹ ہو رہی تھی، حاجی اﷲ دتہ کی اہلیہ 42سالہ نوشابہ اپنے دیور کے ہمراہ سامان سے لوڈ ڈالہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر فیصل آباد آ رہے تھے کہ جب وہ شیخوپورہ روڈ پر شوگر موڑ کے قریب پہنچے تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار خاتون 42سالہ نوشابہ زوجہ اﷲ دتہ سڑک پر گرنے سے بری طرح زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔ جبکہ دوسرا حادثہ میاں ٹرسٹ ہسپتال کے سامنے یادگار شہداء پولیس کے قریب پیش آیا، جہاں پر اسلام نگر کا رہائشی سجاد احمد اپنی اہلیہ 32سالہ نازیہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک جمپ لگنے سے خاتون موٹرسائیکل سے گری تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار بس نے کچل دیا، لواحقین کی طرف سے کارروائی نہ کروانے کی یقین دہانی پر پولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں تیسرے حادثہ سمندری روڈ روشن والا پٹرولنگ پوسٹ کے قریب پیش آیا جہاں پر ہنڈائی ڈالہ کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 24سالہ شاہ ویز ولد اقبال روڈ پر گرا تو عقب سے آنیوالے ٹینکر نے کچل دیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں