ٹریفک حادثات میں2بھائیوں سمیت3افراد جاں بحق،نوجوان نے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 2بھائیوں سمیت3افراد جاں بحق، حالات کے ستائے نوجوان نے سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی، مشتعل افراد نے حملہ کر کے کانسٹیبل کا بازو توڑ دیا۔ قاتلانہ حملے میں فائرنگ سے بیٹے نے باپ سمیت 3افرادکو بری طرح زخمی کر دیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ترکھانی کے علاقہ 220گ ب کے رہائشی دو بھائی شاہد اور عبدالرحمن موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ جب وہ مین روڈ پر پہنچے تو سامنے سے آنیوالی تیز رفتار گدھا ریڑھی سے ٹکر ا کر گر پڑے ، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑگئے ۔ دوسرا حادثہ ٹھیکری والا کے علاقہ سدھار بائی پاس کے قریب ےٰسین آباد جہاں پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار محمد عظیم زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ خیابان کالونی نمبر3 کا رہائشی 39سالہ حسن سعید ولد شاہد سعید اپنے انڈس واٹر پلانٹ کے آفس میں بیٹھا تھا کہ حالات کی وجہ سے اس نے سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں تھانہ جھنگ بازار کے اے ایس آئی اصغر نے بتایا کہ اس کے ماتحت کانسٹیبل عامر اور دیگر کے ہمراہ منہاج القرآن چوک کے قریب ملزم قمر وغیرہ کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے ساتھیوں سمیت پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا ڈنڈا لگنے سے کانسٹیبل عامر کی بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی ، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ ریسکیو1122دفتر کے قریب عداوت کی بناء پر ملزمان نے فائرنگ کر کے عمیر کو زخمی کر دیا۔ تھانہ سٹی جڑانوالہ کے علاقہ غلام رسول کالونی میں گھریلو جھگڑے پر ناخلف بیٹے نے 65سالہ باپ جمیل کو گولی مار لہولیان کر دیا۔ چک جھمرہ کے علاقہ189ر ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر ملزمان گونگا گجر وغیرہ نے فائرنگ کر کے زبیر اور نشاط آباد کے علاقہ51ج ب میں معمولی جھگڑے پر ملزمان فہد وغیرہ نے یٰسین کو گولیاں مار کر فرار ہو گئے ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں