ٹریفک حادثات میں2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق،3زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر سمندری کے علاقہ 475 گ ب کے قریب عمرہ زائرین کی کار تیز رفتاری کے باعث ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 117 گ ب کا رہائشی منیر احمد ولد نذیر احمد’ اپنی عزیزہ شاہدہ بی بی زوجہ غلام حسین اور علی رضا ولد اکبر کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس گھر آ رہے تھے کہ جب وہ 475 گ ب کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے تینوں بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو منیر احمد ولد نذیر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ جہاں پر شاہدہ بی بی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔دریں اثنا، فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ رندھاوا چوک کے قریب تیز رفتار مزدا کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق’ خاوند اور بیٹا بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 60 ج ب کا رہائشی بشیر احمد اپنی اہلیہ نسیم بی بی اور کم سن بیٹے کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ رندھاوا چوک کے قریب پہنچا تو تیز رفتار مزدا ٹرک کی زد میں آ کر تینوں بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ نسیم بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ اس کے خاوند اور بیٹے کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں