ٹریفک حادثات میں8سالہ بچے سمیت2افراد جاں بحق،نعشیں ورثاء کے حوالے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 8سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ رضا آباد کے علاقہ اعوان چوک کے رہائشی مبشر کا 8سالہ بیٹا سبحان گھر سے پانی لینے کیلئے نکلا تو تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دوسرا حادثہ ڈجکوٹ کے قریب پیش آیا جہاں پر شالیمار پارک کا عدنان اپنی اہلیہ مدیحہ اور 4ماہ کے بیٹے زین کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گوجرہ جا رہا تھا کہ جہانگیر موڑ سے کچھ فاصلہ پر سڑک پر مویشی کو بچاتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو گئے، عدنان کے سر میں چوٹ لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا، تاہم اسکی اہلیہ اور بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں