ٹریفک حادثہ میں نوجوان جاں بحق’ملبے تلے دب کر شہری چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تیز رفتار ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق’ ساتھی بری طرح زخمی ہو گیا، جبکہ خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ادھیڑ عمر شخص لقمہ اجل بن گیا، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق ملت روڈ نورپور کا رہائشی غلام دستگیر ولد اصغر علی اپنے دوست فضل محمود ولد محمود کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا جب وہ نڑوالا روڈ سلطان ٹائون کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو غلام دستگیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ جبکہ زخمی فضل محمود کو طبی امدادکی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔ جبکہ سمندری کے نواحی گائوں 204 گ ب میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ادھیڑ عمر شخص عبدالستار زندگی کی بازی ہار گیا، تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں