9

ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کی بھرمار،شہری پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس اور انسداد گداگری سکواڈ کی غفلت سے ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کی بھرمار’ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے چوک چوراہوں اور ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، صبح سے شام تک بھکاری ٹولیوں کی شکل میں ٹریفک سگنلز پر کھڑے رہتے ہیں۔ بھکاریوں میں بچے’ بوڑھے اور خواتین شامل ہیں، جب بھی کوئی گاڑی ٹریفک سگنل پر رُکتی ہے تو بھکاری بھاگ کر اس کے سامنے آ جاتے ہیں اور تب تک پیچھے نہیں ہٹتے جب تک گاڑی سوار انہیں بھیک نہ دے جس کے باعث ٹریفک جام ہو جاتی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطار لگ جاتی ہے۔ پیشہ ور بھکاریوں نے باقاعدہ نیٹ ورک بنا رکھا ہے۔ سڑکوں پر بھکاری مافیا کی وجہ سے سکیورٹی کیلئے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس اور انسداد گداگر سکواڈ بھکاریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے جس کے باعث ان کے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔ سماجی وشہری حلقوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں