ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز

لاہور (بیوروچیف)پنجاب پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مصروف عمل ہے جس تسلسل میں رواں سال کے دوران 26 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 25 لاکھ 56 ہزار 602 چالان کیے گئے اور 5 ارب 44 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ دھواں چھوڑنے والی 30 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 5358 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 28 کے فٹنس سرٹیفکیٹ ضبط کیے گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترمیم شدہ ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت ترین ایکشن لیا جائے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے اور حادثات کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کریں۔ اوورلوڈنگ، اوور سپیڈنگ، کم عمر ڈرائیورز اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں