ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ،جڑانوالہ میں1ماہ کے دوران سوا کروڑ جرمانے

جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر دسمبر2025ء میں شہریوں کو ایک کروڑ26لاکھ17ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے،تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک افیسر فیصل اباد ناصر جاوید کی ہدایت پر ٹریفک پولیس جڑانوالہ کی جانب سے جاری مہم کے دوران دوران سفر ہیلمیٹ کا استعمال نہ کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری موثر کارروائیوں کے نتیجے میں جڑانوالہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ماہ دسمبر 2025 ایک ماہ میں ایک کروڑ 26 لاکھ 17 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔انچارج ٹریفک پولیس اشتیاق سرگانہ کا کہنا ہے کہ اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں پر مالی بوجھ ڈالنا نہیں بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔اگر عوام قوانین کی پاسداری کریں تو سڑک پر حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔اشتیاق سرگانہ کے مطابق سب سے زیادہ چالان ہیلمٹ استعمال نہ کرنے،کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ، تیز رفتاری، سگنل توڑنے، اوورلوڈنگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر کیے گئے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل دینے سے گریز کریں،کیونکہ یہ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہیانچارج ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون سے گریز کریں لین اور ٹریفک سگنل کی پابندی کریں گاڑی کے کاغذات مکمل اور بروقت اپڈیٹ رکھیں انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تعاون کے ذریعے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ ایک محفوظ اور مہذب معاشرہ بھی تشکیل پائے گا۔اشتیاق سرگانہ نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی آئندہ بھی جاری رہے گی،جبکہ ٹریفک پولیس عوامی آگاہی مہم کو مزید وسعت دے گی تاکہ لوگوں میں قانون کی پاسداری کا شعور پیدا ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں