ٹوبہ شہر کو تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن”تجاوزات سے پاک اور خوبصورت شہر”کے قیام کے لیے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خصوصی اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کشادہ سڑکیں، بہتر ٹریفک نظام اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس ضمن میں سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد کی قیادت میں 10 پیرا فورس اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر عارضی اور مستقل تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ شہر کے مختلف بازاروں، سڑکوں اور گلیوں میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز قبضوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے راستوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے بھی شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود عملے کے ہمراہ تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں سے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر انداز میں فروغ مل رہا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں